تنگوانی (باغی ٹی وی نامہ نگار منصور بلوچ)پنجاب اور ملک کے دیگر شہروں سے نوجوانوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر اغوا، جنسی تشدد اور بیدردی سے قتل کرنے والا سفاک سیریل کلر اور بدنام زمانہ ڈاکو جیکب آباد پولیس کے مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت نصیر عرف سلیم عرف ٹوڈو ولد تگھیو قوم ملک سکنہ گاؤں حضور بخش ملک تنگوانی ضلع کندھکوٹ کے نام سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے تھانہ سی سیکشن ٹھل کی حدود ماو واہ کے قریب پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد نصیر عرف ٹوڈو ہلاک ہو گیا جبکہ پولیس نے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک کے مطابق ہلاک ملزم انتہائی خطرناک اور درندہ صفت مجرم تھا، جو پنجاب، سندھ اور دیگر علاقوں سے نوجوانوں کو نوکری کے بہانے اغوا کرتا، جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا اور مزاحمت پر گلا کاٹ کر قتل کر دیتا تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم نے حالیہ واردات میں 17 جولائی 2025 کو ملتان سے تعلق رکھنے والے نوجوان وحید احمد شیخ کو اغوا کے بعد گلا کاٹ کر قتل کیا جبکہ محمد سلیمان نامی نوجوان کو شدید زخمی کیا۔ اس سے قبل بھی ملزم کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جس میں درج ذیل مقدمات شامل ہیں:

1. ایف آئی آر نمبر 170/2025 تعزیرات پاکستان 365، تھانہ جمشید کوارٹر، ضلع ایسٹ کراچی
2. ایف آئی آر نمبر 07/2020، غیر قانونی اسلحہ، تھانہ سٹی، جیکب آباد
3. ایف آئی آر نمبر 34/2024، قتل، تھانہ غلام سرور سرکی، کشمور
4. ایف آئی آر نمبر 124/2025، قتل و اقدام قتل، تھانہ اے سیکشن ٹھل، جیکب آباد

ایس ایس پی کلیم ملک نے اس کامیاب کارروائی کو جیکب آباد پولیس کی بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزم جیسے درندہ صفت عناصر کا انجام صرف قانون کی گرفت میں آنا ہے۔ ہلاک ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان جیکب آباد پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور دیگر مغویوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس کی اس کارروائی کو علاقے میں سراہا جا رہا ہے۔

Shares: