ٹھٹھہ (نامہ نگار بلاول سموں کی رپورٹ) غلام اللہ کے ایک ہوٹل میں کام کرنے والے 13 سالہ مولا بخش درس پر ہوٹل مالک اور عملے کا ظالمانہ تشدد سامنے آیا ہے، جس نے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوٹل مالک ابراہیم چانڈیو کے حکم پر بیرے ابلی چانڈیو نے معصوم لڑکے پر ابلتی ہوئی گرم چائے ڈال دی، جس کے نتیجے میں بچے کا 40 فیصد جسم بری طرح جھلس گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکے کو معمولی غلطی پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
زخمی بچے کے والد اللہ بخش درس نے بتایا کہ ان کا بیٹا شدید تکلیف میں ہے اور اسے فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
لواحقین نے ہوٹل مالک ابراہیم چانڈیو اور بیرے ابلی چانڈیو کے خلاف تھانہ غلام اللہ میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ غلام اللہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ابلی چانڈیو کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے نذرانہ لیکر ہوٹل مالک کو گرفتار نہیں کیا اور اس کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے بھی گریزاں ہے
علاقے کے شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے پر سخت احتجاج کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے اور معصوم بچے کے لیے انصاف یقینی بنایا جائے۔