اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تھانہ اوچ شریف کی حدود بستی پہلوان والی میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں جائیداد کی لالچ میں ایک بیٹے نے ماں جیسے مقدس رشتے کو داغدار کر دیا۔ مقامی شخص عطا حسین نے اپنی بیوی شہناز اور سالی شاریہ کے ساتھ مل کر اپنی ضعیف ماں پٹھانی مائی پر وحشیانہ تشدد کیا، ان کے سر کے بال نوچ ڈالے اور بہنوں کی زمین پر قبضہ کرنے کے لیے ماں کو بدترین بدسلوکی کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق، جب پٹھانی مائی نے اس ظلم کے خلاف مزاحمت کی تو اُسے مزید مارا پیٹا گیا۔ دکھ اور بے بسی کی تصویر بنی ضعیف ماں تھانہ اوچ شریف پہنچی، مگر پولیس نے نہ کوئی کارروائی کی نہ شنوائی کی زحمت گوارا کی۔
پٹھانی مائی نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے ہاتھ جوڑ کر فریاد کی ہے کہ وہ اس ظلم سے بچائیں۔ روتے ہوئے اس نے کہا، "بی بی جی! میرا بیٹا درندہ بن چکا ہے، اور پولیس بھی اُس کی پشت پر ہے۔ اگر میری داد رسی نہ ہوئی تو میں خودکشی کر لوں گی۔”
علاقہ مکینوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مظلوم ماں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور ظالم بیٹے و اس کے ساتھیوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اس دلخراش واقعے نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے حسی کو بے نقاب کیا ہے بلکہ معاشرتی اقدار کی پستی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔