بجٹ برائے مالی سال 21-2020 کے حوالہ سے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا بڑا حکم

بجٹ برائے مالی سال 21-2020 کے حوالہ سے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا بڑا حکم
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجٹ برائے مالی سال 21-2020 کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا

اجلاس میں مشیر خزانہ کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے محصولات، اخراجات اور اس حوالے سے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کی ترجیحات کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم عمران کان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباکی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے اور معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ان شعبوں کو خصوصی طور پر فروغ دیا جائے جن سے نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور معاشی عمل کو فروغ ملتا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانا خصوصاً غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کٹوتی موجودہ حکومت کی روز اول سے ترجیح رہی ہے ۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس مقصد کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مختلف شعبوں میں سبسڈیز اور حکومت کی جانب سے مالی معاونت کی فراہمی کے معاملات پر غور کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی درحقیقت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پیسے کے بہترین اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں مطلوبہ مقاصد کا حصول ممکن بنایا جا سکے وہاں حقداروں تک ان کے حق کو پہنچانے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اصلاحات کے عمل کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام پر پڑنے والے غیرضروری بوجھ کو کم سے کم کیا جا سکے اور ان کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.