قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 26-2025ء کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت جاری ہے، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت اراکین اسمبلی شریک ہیں، دوران اجلاس کاربن لیوی سے متعلق اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کردی گئی ہیں جبکہ وزیر خزانہ کی ترمیم منظور کرلی گئی،قومی اسمبلی میں بیرسٹر گوہر، عالیہ کامران، نثار جٹ، زرتاج گل، شاہدہ اختر کی طرف سے ایوان میں بجٹ پر ترامیم پیش کی گئیں تاہم انہیں مسترد کردیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےاپوزیشن بینچز میں جاکر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مصافحہ کیا،
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی راجا اسامہ سرور، احسان الحق باجوہ، وسیم قادر، شیخ آفتاب احمد، اظہر خان لغاری اور تہمینہ دولتانہ کی ملاقات ہوئی،ملاقات میں شرکاء نے وزیراعظم کو آئندہ سال کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس کی منظوری کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا،ملاقات میں وزیر برائے پارلیمانی امور یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت برائے پاور عبد الرحمن کانجو اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی شامل تھے۔








