بجٹ میں بڑی کٹوتی سے ایچ ای سی کی مشکلات بڑھ گئیں، کئی منصوبے بند ہونے کا خدشہ

باغی ٹی وی وفاقی حکومت نے سفارشات کے باجود ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں بڑی کٹوتی سے ایچ ای سی کی مشکلات بڑھ گئیں، کئی منصوبے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

ایچ ای سی حکام نے ریکروٹنگ بجٹ کے لیے 104 بلین کی ڈیمانڈ کی تھی لیکن ملے صرف 64 بلین۔ ڈویلپمنٹ بجٹ کے لیے 42.6 بلین مانگے گئے لیکن دئیے گئے صرف 19 بلین۔

اس بڑے پیمانے پر بجٹ کٹوتی سے ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی بے بس ہو چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیسے نہیں ملیں گے تو ریسرچ کہاں سے ہوگی۔ تعلیمی ماہرین نے بھی اس صورتحال کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو تعلیمی شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن حکام کا بھی کہنا ہے کہ اگر بجٹ نہیں ہوگا تو یہ ادارہ صرف ایک نمائشی گھوڑا بن کر رہ جائے گا۔

اس سے قبل وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بجٹ میں مدارس اصلاحات کے لیے مختص کی گئ 5 ارب روپے کی رقم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس اصلاحات کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنا بہت سے شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے,

وفاق المدارس کے قائدین کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب تمام مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں بجٹ میں یہ خطیر رقم مختص کرنا حیران کن ہے,مدارس کے بجلی گیس کے بل معاف کیے گئے نہ ریلیف فنڈ میں مدارس کے اساتذہ و طلبہ کا کوئ حصہ رکھا گیا اور اب مدارس اصلاحات کے لیے عین اس موقع پر اتنی خطیر رقم نہ جانے کس ایجنڈے کا حصہ ہے,

وفاق المدارس کے قائدین کا کہنا ہے کہ مدارس اصلاحات کے نام پر اس سے قبل بھی بہت بھاری بجٹ مختص کیے گئے اور کئ کوششیں ہوئیں جن کا انجام ہمارے سامنے ہے اس لیے قوم کو کسی جھانسے میں نہیں آنے دیں گے

Shares: