باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات بڑھانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لئے پر عزم ہے، اس سلسلے میں برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں مختلف شعبوں بشمول پولٹری، چاول، فارماسیوٹیکل اور ٹیکسٹائل کے بڑے برآمد کنندگان کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے خدمات کے شعبے میں برآمدات سے متعلق ملکی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ملکی معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے برآمدات کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ کورونا کی وبا کے باعث عالمی اقتصادی بحران کے باوجود جولائی 2020 میں سرپلس کرنٹ اکاونٹ اور برآمدات میں مسلسل نمو اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ ملک میں صنعتوں کی ترقی اور اپنی مصنوعات کی مسابقتی حیثیت بڑھانے کے لئے حکومت نے خام مال سے متعلق سینکڑوں ٹیرف لائنز پر ڈیوٹیز ختم یا ان میں کمی کر دی ہے جبکہ برآمد کنندگان اور صنعت کاروں کی سہولت کے لئے ری فنڈز کے نظام کو بھی درست کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت ”میک ان پاکستان“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد برآمدات پر مبنی صنعت کو فروغ دینا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ دو برسوں میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر برآمد کنندگان نے موجودہ حکومت کے مختلف پالیسی اقدامات کو سراہا اور ملکی برآمدات میں اضافے کے سلسلے میں متعدد تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد بھی ملاقات میں موجود تھے،