ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) پاکستان بیت المال کے تحت چلنے والے پروجیکٹس سویٹ ہوم، شیلٹر ہوم اور کھانا سب کے لیے کے ایڈمن اور پروجیکٹ ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے تنخواہوں میں اضافے سے محروم ہیں۔ 2021-22ء میں بھرتی ہونے والے پروجیکٹ اسٹاف کی تنخواہوں میں اب تک کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، جس پر ملازمین میں شدید مایوسی اور اضطراب پایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان بیت المال کی بیوروکریسی انتظامی امور کو مؤثر طور پر چلانے میں ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث ادارے میں تنخواہوں کے نظام میں واضح تضاد پیدا ہو گیا ہے۔ اعلیٰ افسران بھاری تنخواہیں اور مراعات لے رہے ہیں، جبکہ فیلڈ اور پروجیکٹ اسٹاف کو ہر بار یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ بیت المال بورڈ کی میٹنگ میں طے کیا جائے گا۔ تاہم بورڈ میٹنگز طویل عرصے سے منعقد نہ ہونے کے باعث ملازمین کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے۔

ملازمین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان بیت المال کے معاملات کا نوٹس لیں اور پروجیکٹ اسٹاف کی تنخواہوں میں فوری اضافہ یقینی بنائیں تاکہ غریب اور فلاحی منصوبوں سے وابستہ عملے کا استحصال بند کیا جا سکے۔

Shares: