سیالکوٹ، (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سب سے بڑا ہسپتال برن یونٹ سے محروم، جھلسے ہوئے مریض دوسرے شہروں کو جانے پر مجبور
سیالکوٹ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال، علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں برن یونٹ کی عدم دستیابی کے باعث جھلس کر آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خواتین، مرد اور بچوں کو دوسرے شہروں میں منتقل کیا جاتا ہے، جس سے انہیں اور ان کے لواحقین کو شدید ذہنی اور مالی اذیت سے گزرنا پڑتا ہے۔
مریضوں کے اہل خانہ کو نہ صرف اپنے پیاروں کی حالت کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہوتا ہے، بلکہ ایمبولینس کے حصول اور پھر ادھار پیسے لے کر مریض کو دوسرے شہر منتقل کرنے میں بھی انہیں کئی مصیبتیں جھیلنی پڑتی ہیں۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے دعووں اور ہسپتال انتظامیہ سمیت وزرا کے آئے روز کے دوروں میں "سب اچھا” کی رپورٹس کے باوجود، برن یونٹ کے قیام پر کسی کے ہونٹ نہیں کھلتے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں زیادہ تر غریب لوگ علاج کے لیے آتے ہیں جن کی آواز سننے والا کوئی نہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیالکوٹ جیسے بڑے صنعتی ضلع میں برن یونٹ کی فوری تکمیل پر توجہ دی جائے تاکہ جھلسنے والے مریضوں کو بروقت اور مناسب علاج کی سہولت میسر آ سکے۔