معاشرتی برائیوں کے خلاف دھرنا ہوا نہ لانگ مارچ،کیوں؟تجریہ۔ شہزاد قریشی

qureshi

ضبط کرتا ہوں تو گھٹتا ہے میرا دم،،آہ کرتا ہوں تو صیاد خفا ہوتا ہے
قانون کی حکمرانی کا نعرہ سنتے سنتے کان پک گئے،رکھوالے آج بھی مافیازکےزیر اثر
جھوٹ،نفرت،غیبت،ملاوٹ عام،ملک خاک ترقی کرے گا،جمہوری تماشے بند،محاسبہ ضروری
تجزیہ،شہزاد قریشی
ضبط کرتا ہوں تو گھٹتا ہے میرا دم،،آہ کرتا ہوں تو صیاد خفا ہوتا ہے،سمجھ سے باہر ہے،امن وامان کو لے کر اسلام آباد راولپنڈی کو کس کی نظر لگی ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی کا نعرہ سنتے سنتے عمر بیت گئی، معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کے خلاف کسی نے نہ دھرنا دیا نہ لانگ مارچ کیا نہ کسی نے درس دیا، آج اگر معاشرے میں برائیاں سر اُٹھا رہی ہیں تو اس کے ذمہ دار ہم سب ہیں،معاشرے کو سدھارنے کے لئے کچھ نہیں کیا،بحیثیت مسلمان ہماری ایمانداری ، نیکی ،تقویٰ،دیانت داری ، پاکیزگی کا یہ عالم ہے ملاوٹ شدہ خوراک ، جعلی ادویات فروخت کرنے میں کوئی ندامت نہیں،قتل وغارت ،عریانی ،بے حیائی ایک دوسرے کو کافر قرار دینا، جھوٹ، نفرت ، غیبت ،ملاوٹ کرنے میں ذرا بھر خوف نہیں آتا،ہم سب کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے، پورا ملک لینڈ مافیا کے قبضہ مافیا کے یارانے محلات میں رہنے والوں کے ساتھ ہیں، لینڈ اور قبضہ مافیا نے پورے ملک میں قانون کے رکھوالوں کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے،

حکومتوں کی تبدیلی ،سیاسی گٹھ جوڑ میں بڑے بڑے پراپرٹی ٹائیکون ملوث ہیں، سیاسی گلیاروں میں پراپرٹی ٹائیکون جب سے داخل ہوئے ہیں،سیاست اورجمہوریت کسی تماشے سے کم نہیں، حکمران ،سیاسی قائدین ،علماء کرام،گدی نشین ، پیر خانے ،اور عوام اپنا محاسبہ کریں تو ملک افراتفری ،نفسانفسی سے باہر نکل سکتا ہے،ضروریات زندگی سے زیادہ دولت نے انسانوں کو انسانیت سے دور کردیا ہے، ملک کی سول بیورو کریسی ، سول انتظامیہ ، بیوروکریٹ ، پولیس افسروں سمیت ملک کے تمام ادارے اپنا اپنا محاسبہ کریں، تب ایک اچھا معاشرہ تشکیل پائے گا، وی آئی پی کلچر سے باہر نکل کر سوچیں ، موت کو یاد رکھیں ، قرآن وحدیث کا مطالعہ کریں اور عمل کریں ، امریکہ اورمغربی ممالک کی ترقی کا راز علم اور عمل ہے، قانون کی حکمرانی ہے، انصاف ہے،جمہوریت ہے، ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر سیاست کی جاتی ہے،ہماری سیاست اورجمہوریت سے جمہوریت کی پری بھی مکھڑا چھپا رہی ہے،جعل سازی ،جھوٹ اور فریب جیسی سماجی برائیاں ،سماجی اقدار بن رہی ہیں، ملکی سیاست میں بڑھکوں ،دھمکیوں اور ہلڑ بازی کا شدت اختیار کرتا رحجان بے سبب ہیں اس سے معاشرتی نظام تنزلی کا شکار ہوتا ہے خدارا بس کیجئیے معاشرے کو سدھارنے پر توجہ دیں

Comments are closed.