چنیوٹ(باغی ٹی وی) لالیاں لاری اڈا پربس اور وین میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 16 زخمی
چنیوٹ میں لالیاں لاری اڈا پر ایک المناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک بس اور مسافر وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس حادثے میں 4 خواتین اور 3 بچوں سمیت 16 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین میں سوار 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 16 زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں ایک نجی شوگر مل کے ملازمین سوار تھے، جبکہ مسافر وین سرگودھا سے فیصل آباد جا رہی تھی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ مسافر وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔