کراچی کے مصروف علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی اسکول کے طلبہ کو پکنک کے لیے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہو گئی۔

پولیس کے مطابق بس کیفے بوگی کے قریب فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار کم از کم 10 طلبہ زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ خوش قسمتی سے تمام زخمی طلبہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے اور زیادہ تر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق بس میں سوار بچے ایک نجی اسکول کے طالب علم تھے اور پکنک کے لیے شہر سے باہر جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں بس ڈرائیور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے باعث بس پر قابو نہ رکھا جا سکا اور وہ فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جبکہ بس کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بس کی فٹنس، بریک سسٹم اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

واقعے کے بعد بچوں کے والدین بھی اسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے بچوں کی خیریت دریافت کی۔ والدین کی جانب سے اسکول انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ انتظامات پر سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول بسوں کی فٹنس اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے.

Shares: