رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ کے قریب مسافر بس اور ایمبولینس کے درمیان شدید ٹکر ہونے سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس کے ڈرائیور نے ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کی، لیکن اسی دوران ایمبولینس سے ٹکر ہوگئی۔ ایمبولینس میں سوار ریسکیو اہلکار خان پور سے رحیم یار خان آرہے تھے۔ریسکیو کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمان نے بتایا کہ حادثہ انتہائی افسوسناک اور غیرمتوقع تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی جگہ پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔