اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بیٹیاں والدہ سے ملاقات کے لیے عدالت پہنچ گئیں-

باغی ٹی وی:درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی گئی، اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ ارجمند نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے کل جواب طلب کرلیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بیٹیوں کی اپنی والدہ بشریٰ بی بی سے تین ہفتوں سے ملاقات نہیں ہوئی، بشریٰ بی بی ناحق قید ہیں اور ان کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے،فیملی کا حق ہوتا ہے کہ وہ ہر ہفتے قیدی سے ملاقات کر سکتے ہیں، سرکاری حکام کی جانب سے ملاقات سے منع کر دیا گیا ہے، یہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے جلد از جلد ملاقات کا بندوبست کیا جائے۔ اس حوالے سے سنجیدہ تحفظات ہیں۔

عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع کردی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی تا حکم ثانی رہے گی، اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی میں توسیع پنجاب حکومت نے کی ہے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ سیکورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے، جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق سیاسی قیدیوں سمیت عام قیدیوں پر بھی ہوگا،پنجاب حکومت نے 4 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک اڈیالہ جیل میں ہر قسم کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔ اکتوبر 18 کو جیل ملاقاتوں پرپابندی میں 2 روز کی توسیع کی گئی تھی۔

Shares: