اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔ عدالت نے یہ سماعت توشہ خانہ ٹو کیس کے سلسلے میں بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر مقرر کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس درخواست پر سماعت کریں گے۔ اس سے قبل اسپیشل جج سینٹرل نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔عدالت نے اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو درخواست ضمانت پر اپنا جواب داخل کرنے کے لیے نوٹس جاری کر رکھا ہے، جس میں ایف آئی اے کو اس کیس میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی پر الزامات ہیں کہ انہوں نے قیمتی تحائف اور اثاثہ جات کی خرید و فروخت میں بے ضابطگیوں کا ارتکاب کیا۔ یہ کیس پی ٹی آئی حکومت کے دوران اعلیٰ سطح پر ملنے والے تحائف کی فروخت اور ان کی آمدنی کے ذرائع کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔ ایف آئی اے نے اس کیس کی تحقیقات کی تھیں اور بشریٰ بی بی سمیت دیگر افراد پر الزامات عائد کیے تھے۔بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست طور پر جائزہ نہیں لیا اور انہیں انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں۔ اس لیے عدالت سے درخواست ہے کہ ان کی ضمانت کو منظور کیا جائے۔

Shares: