پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل، شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی عمران خان کے لیے سکون کا سبب بنے گی اور ان کی ایک بڑی پریشانی دور ہو جائے گی۔ ایک نجی گفتگو کے دوران وقاص اکرم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی ایک نہتی گھریلو خاتون ہیں، اور ان سے حکومت کو بے وجہ خوف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے یقینی اور خوف کی وجہ سے بشریٰ بی بی کو بغیر کسی ٹھوس کیس کے اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ جن جج صاحب کو بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کرنی تھی، وہ اپنے دفتر کو لاک کر کے جنازے کے بہانے غائب ہوگئے۔ انہوں نے اس صورتحال کو ایک مضحکہ خیز اقدام قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی طرف سے غیر سنجیدہ رویہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔
وقاص اکرم نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کے پاس بشریٰ بی بی کے خلاف کوئی نیا مقدمہ سامنے نہیں آیا اور تمام کیسز میں ان کی ضمانت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا جیل سے باہر ہونا عمران خان کے لیے تسلی کا باعث ہوگا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بشریٰ بی بی رہائی کے بعد پی ٹی آئی میں کوئی فعال سیاسی کردار ادا کریں گی؟ تو وقاص اکرم نے جواب دیا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی عندیہ نہیں دیا گیا ہے، نہ عمران خان کی طرف سے اور نہ ہی بشریٰ بی بی کی جانب سے۔

Shares: