پشاور:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کے حوالے سے تحریک انصاف کے عہدیداران کو ہدایات جاری کرنا شروع کردیں۔
باغی ٹی وی: بشریٰ بی بی کی زیر صدارت وزیراعلٰی ہاؤس میں تحریک انصاف کے ہزارہ اور مالاکنڈ ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
بشریٰ بی بی نے ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کو عمران خان کی ہدایات سے آگاہ کیا اور کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے پارلیمنٹ، قانون اور آئین کی بالادستی کے لیے نکلنا ہے لیڈر عمران خان ہیں،مجھے صرف خان کا پیغام پہنچانے کے لیے آ گے آنا پڑا ہے، اجلا س میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا بھی موجود تھے جنہوں نے ارکان کو 24 نومبر احتجاج کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر سے شروع ہونے والی ہماری تحریک ایک دن کی نہیں ہوگی،احتجاجی تحریک میں تحریک انصاف کی قیادت موجود ہوگی، اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ بشریٰ بی بی احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گی، ان کا تنظیمی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا، اس لیے انہوں نے بشریٰ بی بی کے ذریعے پیغام بھیجا جو ہم تک پہنچ گیا ہے،شاہ محمود قریشی کا مشورہ ہمیشہ شامل رہتا ہے، میں جیل میں جاکر ان سے اور یاسمین راشد سے ملاقات کروں گا۔








