بزدار جیسے نااہلوں کو حکمرانی کا حق نہیں،جنسی درندوں کو کیا دی جائے سزا؟ سراج الحق کا بڑا مطالبہ

0
43

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں،جس پاکستان میں بچے اور بچیاں محفوظ نہیں ہیں، ایسے ماحول میں حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام موٹر وے واقعہ کے خلاف وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے سامنے دیئے گئے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دو سو ستر دن گز رگئے عوام وزیر اعلیٰ پنجاب سے پوچھتے ہیں کہ آپ نے اب تک کچھ سیکھا ہے یا ابھی سیکھ رہے ہیں،اگر دو سال میں بھی آپ کچھ نہیں سیکھ سکے توآپ جیسے نااہلوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے 22 کروڑ عوام ، ماؤں بہنوں بیٹیوں کے تحفظ کی بات کرتی ہے، ایک بہن حکومت اور ریاست سے اپنی حفاظت کے واسطے دیتی رہی مگر حکومت اور ریاست ایک بے بس بیٹی اور بہن کو تحفظ نہیں دے سکی،جنسی درندوں کو سر عام پھانسی پر لٹکایا جائے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چھ مہینوں میں 322 بچوں اور بچیوں پر جنسی حملے ہوئے، 24گھنٹوں میں جنوبی پنجاب میں 11 بچوں پر حملے ہوئے اور چار بچوں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا،پی ٹی آئی کے دو سال میں 32 فیصد جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے،اس حکومت میں مالی ، اخلاقی و نظریاتی کرپشن میں اضافہ ہوا۔ زینب بل پاس ہوئے ایک سال گزر گیا لیکن آج تک اسکا نوٹیفیکیشن تھانوں تک نہیں پہنچایا گیا،ہم نے زینب الرٹ بل میں ترمیم پیش کی کہ پھانسی کی سزا ہونی چاہئے، مگرکسی جماعت نے ساتھ نہیں دیا اور کہا کہ یہ وحشت اور بربریت ہے،میں وزیر اعظم سے پوچھتا ہوں کہ جو سزا اللہ اور اللہ کے رسول نے مقرر کی آپ اسکا نام لیتے ہوئے کیوں گھبراتے ہیں،جو سزا وزیر اعظم نے تجویز کی ہے تو کیا اس کے بعد وہ شخص اس معاشرے سے انتقام نہیں لے گا؟۔

Leave a reply