بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) ضلع بہاولنگر میں اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام اسپیشل بچوں کے لیے رنگا رنگ گالا کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب اور اسپیشل ایجوکیشن افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسپیشل بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور دلچسپ سرگرمیاں پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ تقریب کے دوران ماحول خوشیوں، تالیوں اور محبت کے جذبات سے گونج اٹھا۔

اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاولنگر نے تقریب کی شاندار میزبانی کی، جس میں آل بیڈز اسٹاف اور طلبہ کی بھرپور شرکت رہی۔ گالا کا مقصد اسپیشل بچوں کے اعتماد میں اضافہ اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔

ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اپنے خطاب میں کہا کہ“اسپیشل بچے معاشرے کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اور تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”

اختتام پر اسپیشل بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ مہمانِ خصوصی اور دیگر افسران نے بچوں کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

Shares: