بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ضلع بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی جانب سے وزیراعلیٰ انیشیٹیوز اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ریونیو ریکوری، ڈینگی کی صورتحال، ترقیاتی کاموں اور سیلاب متاثرین کے امدادی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

بعد ازاں کمشنر مسرت جبیں نے ٹیکنیکل کالج میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور امدادی عمل کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کی بحالی اور امداد کی فراہمی کے لیے مزید مؤثر اور تیز اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، اے ڈی سی جی ظہور حسین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو حکومتی پیکجز کے تحت ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے۔

Shares: