بہاول نگر (باغی ٹی وی، نامہ نگارمحمدعرفان)سید مخدوم حسین اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر کونسل بہاول نگر نے ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون کو وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ویژن کے مطابق صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری آگاہی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے مہم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس میں معلوماتی فلیکس آویزاں کروا دی۔ انہوں نے صارفین کی رہنمائی کے لیے لگائے گئے اسٹینڈیز اور بینرز کا خود معائنہ کیا اور ایڈیشنل کمشنر جنرل کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر کے باہر بھی اسی نوعیت کے بینرز اور اسٹینڈیز نصب کیے جائیں تاکہ عوام کو صارف قوانین اور متعلقہ اداروں کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے کنزیومر کونسل بہاول نگر سے رجوع کریں۔ عوامی آگاہی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کنزیومر کونسل بہاول نگر کا خصوصی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔








