بہاولنگر (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرفان)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آصف بشیر نے سول جج راؤ زبیر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ جیل کے چاک و چوبند دستے نے معزز ججز کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ججز صاحبان نے جیل میں جاری شجر کاری مہم کے تحت پودا لگا کر ماحول دوستی کی مہم میں حصہ لیا۔
ججز صاحبان نے خواتین وارڈ کا معائنہ کیا، خواتین اسیران سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور گورنمنٹ آف پنجاب کی ہدایات کے مطابق قائم بیوٹی پارلر کلاس، سلائی کڑھائی کلاس اور لٹریسی کلاس کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تربیتی پروگرامز کو اسیران کی اصلاح کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔
بعد ازاں ججز صاحبان نے جیل کچن کا تفصیلی دورہ کیا، تیار شدہ کھانے کا معیار چیک کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کی تعریف کی۔ انہوں نے جیل ہسپتال، نو عمر بچوں کے اسکول اور مختلف تربیتی کلاسز — جن میں الیکٹریشن، ایئر کنڈیشننگ، موٹر سائیکل مرمت، ٹیلرنگ اور باربر ٹریننگ کلاسز شامل تھیں، کا بھی معائنہ کیا اور ان اقدامات کو پنجاب حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات کی مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
ججز صاحبان نے جیل کے گودام اور دیگر انتظامی حصوں کا بھی جائزہ لیا۔ دورے کے اختتام پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل رسول بخش کلاچی اور جیل عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آصف بشیر نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث تین اسیران کی فوری رہائی کے احکامات بھی جاری کیے۔








