بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس مقامی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے علمائے کرام، امن کمیٹی کے ممبران، انجمن تاجران، منڈی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، میڈیا کے ارکان، سیاسی و سماجی شخصیات اور پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور اتحادِ بین المسلمین کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور علمائے کرام کا کردار معاشرتی استحکام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء باہمی احترام، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ضلع بہاولنگر کو امن و محبت کی مثال بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور شہریوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں شریک علمائے کرام اور سماجی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ معاشرے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Shares: