بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ای۔کاروبار (E-Business) کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران، چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، تاجر برادری اور آئی ٹی کے ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق کاروباری طبقے کے لیے سہولتیں بڑھانے، جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے اور کاروباری رجسٹریشن، ٹیکس، و لائسنسنگ کے عمل کو آن لائن کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ای۔کاروبار کے فروغ سے نہ صرف کاروباری حضرات کو آسانیاں میسر آئیں گی بلکہ عوام کو بھی تیز، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کا مقصد کاروباری ماحول کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی، اور لائسنسنگ کے تمام عمل کو جلد از جلد آن لائن کیا جائے تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولتیں دستیاب ہوں۔
اجلاس کے اختتام پر تاجر برادری نے حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کو معیشت کے استحکام، شفافیت کے فروغ، اور کاروباری ترقی کی سمت ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔








