بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر شہر کے مختلف علاقوں بشمول منچن آباد روڈ، خادم آباد، نزیر کالونی اور رہائشی گلیوں میں کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں اور بیٹھتی لینیں شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ گہرے مین ہولوں کے ڈھکن غائب یا ٹوٹے ہوئے ہیں، جبکہ اردگرد کی سڑکیں بیٹھ چکی ہیں، جو رات کے اندھیرے یا بارش میں بڑے حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

منچن آباد روڈ پر تیز ٹریفک کے بیچ کھلے مین ہول موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے روزانہ اذیت ہیں۔ اندرونی محلوں میں بچے ان جان لیوا گڑھوں کے قریب کھیلتے نظر آتے ہیں۔ متعدد مقامات پر گاڑیاں پھنسنے اور موٹر سائیکل سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

شہریوں کا الزام ہے کہ سیوریج اور صفائی کا نظام منسپل کمیٹی بلدیہ بہاولنگر کے زیر انتظام ہے، لیکن ادارے کی غفلت اور عدم توجہی عوام کی جانیں داؤ پر لگا رہی ہے۔ بارہا شکایات کے باوجود محکمہ صرف “نوٹس لینے” تک محدود رہا۔ قانونی ماہرین کے مطابق بغیر ڈھکن مین ہول چھوڑنا بلدیاتی قوانین، شہری حقوق اور عوامی تحفظ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عوام نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور صوبائی حکومت سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک مقامات بند کیے جائیں، ٹوٹی سڑکوں کی مرمت ہو اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ مزید سانحات سے بچا جا سکے۔

Shares: