بہاولپور (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دریائے ستلج میں 16 سالہ چرواہا لڑکا ڈوب کر جاں بحق، 21 گھنٹے بعد لاش برآمد
ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی، لاش 2 کلومیٹر دور سے نکالی گئی
ماڑی قاسم شاہ جھنگی والا روڈ، بہاولپور کے قریب دریائے ستلج میں 16 سالہ چرواہا لڑکا اسد ولد اللہ دتہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسد اپنی بھینسوں کو پانی پلانے دریا کے کنارے لے گیا تھا اور وہ جانوروں کے پیچھے گہرے پانی میں چلا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق متوفی لڑکا تیرنا نہیں جانتا تھا۔ جب بھینسیں گہرائی میں پہنچیں تو اسد نے انہیں واپس لانے کی کوشش کی لیکن خود پانی میں ڈوب گیا۔ اس کے نانا نے فوری بچاؤ کی کوشش کی مگر بے سود رہی۔
ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی واٹر ریسکیو وین سمیت BPA-05، BR-1، BR-2 اور دیگر ریسکیو گاڑیاں صرف آٹھ منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں۔ ٹیموں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر 21 گھنٹے تک مسلسل تلاش جاری رکھی اور آخرکار اسد کی لاش تقریباً دو کلومیٹر دور سے برآمد کر لی گئی، جسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں کی اس کارروائی کو مقامی افراد نے خراج تحسین پیش کیا، جب کہ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دریا کے کنارے جانے میں خصوصی احتیاط برتیں، خصوصاً بچوں اور غیر تیراک افراد کو گہرے پانی سے دور رکھیں۔








