بہاولپور (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے علاقے المکہ ٹاؤن میں ایک اندوہناک سانحہ پیش آیا، جہاں گھریلو جھگڑے نے ایک پورے خاندان کو تباہ کر دیا۔ 26 سالہ خاتون شہر بانو نے مبینہ طور پر اپنی ساس سے جھگڑے کے بعد اپنے دو ننھے بچوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا اور بعدازاں پھندہ لگا کر اپنی زندگی بھی ختم کر لی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ 18 ستمبر 2025 کو پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق شہر بانو کا اپنی ساس کے ساتھ معمولی نوعیت کے جھگڑے اکثر ہوتے رہتے تھے، تاہم بدھ کی شام جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ ساس کی ڈانٹ پر طیش میں آکر بہو نے کمرے میں خود کو بند کر لیا اور پہلے اپنی 3 سالہ بیٹی اور 2 سالہ بیٹے کو گلا دبا کر ہلاک کیا، اس کے بعد چھت پر جا کر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

اطلاع ملتے ہی تھانہ بغداد الجدید پولیس موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گھریلو تنازعات اور ذہنی دباؤ اس المیے کی بنیادی وجہ ہیں۔ ڈی ایس پی بغداد الجدید نے میڈیا کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور خاندانی پس منظر کی چھان بین جاری ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے شوہر اور ساس سمیت خاندان کے دیگر افراد سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
دوسری طرف مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گھریلو جھگڑوں کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے، بروقت حل نہ نکلنے پر یہ جھگڑے بڑے سانحے میں بدل سکتے ہیں۔

Shares: