ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) ضمنی الیکشن این اے 191 کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی ڈسٹرکٹ الیکشن آفس میں جمع کروانے کا سلسلہ جاری، پی پی پی کے سردار دوست محمد کھوسہ، مسلم لیگ ن کے سردار اویس لغاری، سمیت کاغذات جمع کروانے کے آخری روز مختلف سیاسی پارٹیوں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 191 ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آخری دن تھا۔مختلف پارٹیوں کی طرف سے کاغذات نامزدگی ڈسٹرکٹ الیکشن آفس میں جمع کروائے گیے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سردار دوست محمد خان کھوسہ ، مسلم لیگ ن کی طرف سے سردار اویس احمد خان لغاری، سردار محمود قادر خان لغاری، سید عمران شاہ،پاکستان تحریک انصاف سے رقیہ رمضان ایڈوکیٹ، سردار شریف خان لغاری , محمد حنیف خان پتافی،تحریک لبیک پاکستان سے ملک محمد خبیب نے ریلیوں کی شکل میں الیکشن آفس پہنچ کر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
اس سے قبل تمام امیدواران نے ریلیوں کی صورت میں اپنے پارٹی ورکرز کے ہمراہ بڑے بڑے بینرز، پوسٹرز اٹھاتے ہوئے شہر کا چکر لگایا۔ امیدوار الیکشن دفتر پہنچ کر نعرے لگا کر اپنے ورکرز کو گرماتے رہے ۔اور اپنی پارٹیوں کے جھنڈے لہراتے رہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی زرتاج گل، سردار شبیر خان لغاری، محمد خان لغاری نے ایک روز قبل کاغذات جمع کرا دئیے تھے۔
Shares: