ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفرگڑھ کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں پولنگ کا عمل بلا تعطل مکمل ہوا۔

این اے 185 ڈیرہ غازی خان
226 میں سے 56 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے محمود قادر لغاری 21,223 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار دوست کھوسہ 9,602 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 143 چیچہ وطنی
442 میں سے 255 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد طفیل جٹ 75,449 ووٹ لے کر آگے، جب کہ آزاد امیدوار ضرار اکبر 7,305 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 18 ہری پور
602 میں سے 158 پولنگ اسٹیشنز کے نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے بابر نواز 50,025 ووٹ کے ساتھ معمولی برتری رکھتے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب 49,351 ووٹ کے ساتھ قریب ترین مقابلے میں موجود ہیں۔

این اے 129 لاہور
334 میں سے 137 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق مسلم لیگ ن کے حافظ نعمان 15,218 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ چوہدری ارسلان 9,408 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 96 فیصل آباد
345 میں سے 100 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج میں مسلم لیگ ن کے بلال بدر 21,960 ووٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر، جبکہ آزاد امیدوار ملک نواب شیر وسیر 9,028 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 104 فیصل آباد
375 میں سے 96 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق مسلم لیگ ن کے راجہ دانیال 12,191 ووٹ لے کر آگے، جبکہ آزاد امیدوار رانا عدنان 5,908 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے حلقوں کے نتائج

پی پی 203 ساہیوال
51 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق ن لیگ کے چوہدری حنیف جٹ 14,996 ووٹ کے ساتھ سبقت لیے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار فلک شیر ڈوگر 2,896 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 73 سرگودھا
42 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق سلطان علی رانجھا (ن لیگ) 16,523 ووٹ کے ساتھ آگے جبکہ آزاد امیدوار حارث رانجھا 4,636 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 98 فیصل آباد
ابتدائی نتائج کے مطابق ن لیگ کے آزاد علی تبسم 5,932 ووٹ لے کر سبقت میں ہیں، جبکہ آزاد امیدوار اجمل چیمہ 5,546 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 115 فیصل آباد
68 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق ن لیگ کے میاں طاہر جمیل 12,431 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر، جبکہ آزاد امیدوار احد چیمہ 868 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 116 فیصل آباد
34 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق ن لیگ کے رانا شہریار 9,104 ووٹ کے ساتھ برتری لیے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار اصغر قیصر 2,206 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 87 میانوالی
20 پولنگ اسٹیشنز سے موصولہ نتائج میں مسلم لیگ ن کے علی حیدر نور 6,020 ووٹ لے کر آگے، جبکہ آزاد امیدوار نوابزادہ ایاز خان 772 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 269 مظفرگڑھ
94 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق پیپلز پارٹی کے علمدار عباس قریشی 34,639 ووٹ کے ساتھ برتری میں ہیں، جبکہ آزاد امیدوار اقبال پتافی 23,917 ووٹ کے ساتھ تعاقب میں ہیں۔

ملک بھر میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ابتدا میں شدید سردی کے باعث پولنگ اسٹیشنز پر رش کم تھا، تاہم سورج نکلنے کے بعد ووٹرز کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکلی اور مختلف حلقوں میں سرگرمی بڑھ گئی۔ہری پور میں خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد نے بھی ووٹ ڈالا۔ساہیوال میں ایک دولہا بارات چھوڑ کر ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔فیصل آباد میں بزرگ شہری بے ساکھی کے سہارے ووٹ ڈالنے آئے۔

مختلف حلقوں میں معذور افراد بھی پولنگ میں شریک ہوئے۔چیچہ وطنی میں کامرس کالج کے مردانہ پولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور آزاد امیدوار کے کارکنوں میں تلخ کلامی ہوئی، تاہم پولیس نے بروقت صورتحال کنٹرول کر لی۔الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی، پنجاب سے چند شکایات موصول ہوئیں جنہیں فوری طور پر حل کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ شام 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے دروازے بند کر دیے جائیں گے، اور اندر موجود افراد ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔ ملک بھر میں ضمنی انتخابات آج کی سب سے بڑی سیاسی سرگرمی رہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے

Shares: