کندھ کوٹ : یوم دفاع کے حوالے سے کیڈٹ کالج کرم پور میں شاندار تقریب منعقد کی گئی

کندھ کوٹ ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمختیاراعوان )یوم دفاع کے حوالے سے کیڈٹ کالج کرم پور میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کیڈٹس نے سندھی، اردو اور انگریزی میں تقاریر کیں اور مادر وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وائس پرنسپل امجد علی چانڈیو نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن ہم نے اتحاد، حوصلے اور بہادری سے بھارت کو شکست دی۔آج ہم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

کیڈٹ کالج کرم پور کے پرنسپل پروفیسر محمد ہاشم میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت سے کم نہیں، آزادی کی قدر غلام ہی بہتر طریقے سے جان سکتا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں آزادی ملی، یہی وجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اس دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ علم کے میدان میں محنت کریں گے اور پوری قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔سائنسی علم اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس کے بعد مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کیڈٹس کو انعامات دیے گئے، جس میں اقبال ہاؤس کے کیڈٹ چمن عباس کو بہترین تقریر، کیڈٹ حسن مصطفیٰ کو بہترین تقریر کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین ڈرائنگ اور کیڈٹ خادم حسین اور کیڈٹ مدثر کو مضمون نویسی میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیا گیا۔

Leave a reply