خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ایک گہرے کنویں میں ایک اونٹ گرنے کا واقعہ پیش آیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے بڑی مہارت اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر فوری پہنچ گئی۔ حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں نے سیڑھی اور مضبوط رسیوں کی مدد سے خود کو کنویں کے اندر اتارا تاکہ اونٹ کی مدد کی جا سکے۔اونٹ کی مدد کے لیے اسے رسیوں سے محفوظ طریقے سے باندھا گیا اور پھر کرین کی مدد سے کنویں سے باہر نکالا گیا۔ ریسکیو آپریشن میں تمام عملہ انتہائی احتیاط سے کام کر رہا تھا تاکہ کسی بھی قسم کا نقصان نہ ہو۔مقامی لوگ اور اونٹ کے مالک ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کر رہے ہیں۔ اس کامیاب ریسکیو آپریشن کی بدولت اونٹ کو کسی جسمانی نقصان سے بچایا جا سکا ہے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کنوؤں کے ارد گرد حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں تاکہ اس قسم کے حادثات دوبارہ پیش نہ آئیں۔