میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)صوبائی وزیر زراعت، انسداد بدعنوانی، کھیل اور امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر کے اعلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے میرپور ماتھیلو میں زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کا کیمپس قائم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے میرپور ماتھیلو کا دورہ کیا اور مجوزہ عمارت کا جائزہ لیا۔

وفد میں ڈین فیکلٹی آف کراپ پراڈکشن پروفیسر ڈاکٹر عنایت ﷲ راڄپر، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمد اشرف رستمانی، پراجیکٹ انجینئر محمد احسان چنہ، ڈپٹی ڈائریکٹر نصرت علی چانڈیو اور ریاض شیخ شامل تھے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی سے ملاقات کی اور سرکٹ ہاؤس میرپور ماتھیلو کی عمارت کا معائنہ کیا۔

ڈاکٹر عنایت ﷲ راڄپر نے کہا کہ سرکٹ ہاؤس کی عمارت ابتدائی طور پر کیمپس کے لیے موزوں ہے اور حکومت سندھ کی ہدایات پر جلد تدریسی عمل کا آغاز کیا جائے گا۔ مستقبل میں کیمپس کو توسیع دے کر اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا کیمپس نوجوانوں کے لیے ایک اہم تعلیمی موقع ثابت ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ وفد نے سرکٹ ہاؤس کی عمارت فراہم کرنے پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Shares: