کینیڈا کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 26 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیر مملکت رندیپ سرائے نے باقاعدہ طور پر اس امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے جبکہ کئی قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔رندیپ سرائے نے کہا کہ کینیڈا مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ مالی امداد متاثرہ علاقوں میں مقیم خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے فراہم کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق امدادی رقم کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والی بین الاقوامی اور مقامی فلاحی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا تاکہ متاثرین تک براہِ راست ریلیف پہنچ سکے۔کینیڈین وزیر نے مزید کہا کہ اس امداد کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو پینے کے صاف پانی، عارضی رہائش، خوراک، صحت اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مختلف صوبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، خاص طور پر خیبرپختونخوا،گلگت،پنجاب میں لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور زرعی زمینیں بھی زیرِ آب آنے سے معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔کینیڈا کا یہ اقدام عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر دیکھا جارہا ہے جس سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف ملنے کی امید کی جارہی ہے۔