باغی ٹی وی : ڈیرہ غازیخان (نامہ نگار) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے ڈسپوزل ورکس کی مشینری کی بروقت مرمت نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹھیکہ منسوخ اور کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے احکامات جاری کردئیے
تفصیلات کے مطابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے مین اور سبزی منڈی ڈسپوزلز ورکس کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید،ایس ای پبلک ہیلتھ ملک جواد کلیم،اے سی شکیب سرور،سی او جواد الحسن گوندل،محمد افضل جتوئی اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔کمشنر نے کہا کہ تاخیری حربے استعمال کرنے پر ٹھیکہ منسوخ کرکے نئے ٹینڈر جاری کئے جائیں۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ایڈوانس کئے جانیوالے ورکس کےواجبات کی ادائیگی کےلئے چیف آفیسر کارپوریشن براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔کمشنر نے کہا کہ وہ اپنی جیب سے بھی ادائیگی کرنے کو تیار ہیں تاہم عوامی مسائل کے حل میں افسران کی عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی۔ملتان میں مرمت ہونے والی مشینری فوری منگوائی جائے۔گاڑی پر موٹر اور پمپ نصب کرکے متبادل مشینری کا انتظام کیا جائے۔شہر سیوریج کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور افسران میٹھی نیند سو رہے ہیں۔
ایک دوسرے پر ذمہ داریاں عائد کرنے کی روش ترک کی جائے۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کام کرنے والوں کو بڑھ کر عزت دی جائے گی۔ڈسپوزل ورکس کی اپ گریڈیشن اور بھل صفائی ترجیحی بنیادوں پر کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے معائنہ اور کارپوریشن آفس میں بیٹھ کر عوامی مسائل حل کرتا رہوں گا۔کمشنر کو بتایا گیا کہ مین ڈسپوزل ورکس کی چاروں موٹریں خراب ہیں۔متبادل موٹر لگاکر مین ڈسپوزل سے پانی کی نکاسی شروع کردی گئی ہے۔موٹروں کی مرمت اور دیگر کام کےلئے ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔

Shares: