ڈیرہ غازیخان (ڈاکٹرغلام مصطفیٰ بڈانی سے)باغی ٹی وی کی مسلسل چار ماہ کی خصوصی رپورٹس اور سول سوسائٹی کی مہم کے بعد بالآخر وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ باغی ٹی وی نے گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تفصیلی خبریں شائع کیں، عوامی مطالبات کو اجاگر کیا اور حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی۔ اسی تسلسل میں وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے بھی وزیرِاعظم کی توجہ دلائی، جس پروزیراعظم میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔
علامہ اقبال میڈیکل کالج کے تحقیقی مقالے کے مطابق گذشتہ پانچ سالوں میں ڈیرہ غازی خان میں کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تحقیق کے مطابق ضلع میں 817 کینسر مریضوں میں سے 415 کا تعلق قبائلی علاقے کوہِ سلیمان سے ہے، جبکہ 350 خواتین میں بریسٹ کینسر اور دیگر اقسام کے کینسر کی تصدیق ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق جنوبی پنجاب، بالخصوص ڈیرہ غازی خان میں چھاتی، جگر، گلے اور معدے کے کینسر کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں صحت کی ناکافی سہولیات، ماحولیاتی آلودگی اور ناقص خوراک شامل ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں
ڈیرہ غازی خان: کینسر کا بڑھتا عفریت، ہسپتال کے قیام کا مطالبہ
ڈیرہ غازی خان میں اس وقت کوئی سرکاری یا نجی سطح پر بڑا کینسر ہسپتال موجود نہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے لیے ملتان، لاہور اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو کہ زیادہ تر مریضوں کی استطاعت سے باہر ہے۔ عوام طویل عرصے سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے تحت جدید کینسر ہسپتال کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ خطے میں موجود مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔
باغی ٹی وی کی مسلسل مہم، سوشل میڈیا پر اٹھنے والی عوامی آواز اور سول سوسائٹی کے دباؤ کے نتیجے میں بالآخر حکومت نے اس مسئلے پر توجہ دی۔ وزیرِاعظم کے اعلان پر مقامی شہریوں، سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ معروف سماجی شخصیات شیخ امجد ایڈووکیٹ، منظورخان لغاری ،چوہدری شکیل احمد،سیدریاض جاذب، ایاز احمد شاہ اور دیگر نے باغی ٹی وی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔
ڈیرہ غازی خان میں کینسرہسپتال کا قیام نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان کے عوام کے لیے بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہوگا۔ بلوچستان میں اس وقت صرف کوئٹہ میں ایک کینسر ہسپتال موجود ہے جو صوبے بھر کے لیے ناکافی ہے۔ نیا ہسپتال خطے کے ہزاروں مریضوں کے لیے امید کی کرن بن سکتا ہے۔
باغی ٹی وی عوام کی آواز بن کر حکومت کو بار بار باور کرا چکا ہے کہ کینسر ہسپتال کا اعلان کافی نہیں، اس پر فوری عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ سول سوسائٹی نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہسپتال فراہم کیا جائے۔
باغی ٹی وی عوامی مسائل کو اجاگر کرتا رہے گا، کیونکہ یہی ہے عوام کی اصل آواز!