راولپنڈی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 5 میں شدید بارش کے باعث ایک کار سوار دو افراد برساتی نالے میں بہہ گئے۔ حادثے کے موقع پر دونوں افراد نے گاڑی سے مدد کے لیے بار بار آوازیں لگائیں، تاہم تیز پانی کے بہاؤ کی وجہ سے وہ کار سمیت نالے میں بہہ گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کار سوار افراد برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد کار سمیت نالے میں بہہ گئے۔ ریسکیو حکام نے فوری طور پر افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔بارش کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ خاص طور پر راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ڈی ایچ اے فیز 8 میں پانی داخل ہو گیا ہے، جبکہ ملحقہ دیہات بھی شدید بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ گاؤں میں باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ شامل ہیں جہاں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹریفک پولیس نے بھی بتایا ہے کہ اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر بارش کے پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے پیش نظر عوام کو احتیاط برتنے اور نشیبی علاقوں میں جانے سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام اور متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ شہری بھی محکمہ موسمیات کی وارننگز کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حفاظتی اقدامات کریں۔