جرمنی سے لیتھوانیا جانے والا کارگو طیارہ تباہ،ایک ہلاک،تین زخمی
جرمنی سے لیتھوانیا جانے والا کارگو طیارہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل گر کر تباہ ہو گیا ہے
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق طیارے میں سوار عملے کے 4 افراد میں سے 1 شخص ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں،سربراہ نیشنل کرائسس مینجمنٹ کے مطابق کارگو طیارہ رن وے سے کچھ کلو میٹر دور گھر پر گرا، تاہم گھر میں موجود 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، طیارے کے گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
لیتھوانیا کے شہر ولنیئس کے قریب پیر کی صبح کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے ایک رکن کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تین افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔ حادثہ ولنیئس ایئرپورٹ کے قریب ایک رہائشی گھر سے ٹکرا کر آگ لگنے کے بعد پیش آیا، جرمنی کے شہر لیپزگ سے آنے والا بوئنگ 737-400 کارگو طیارہ ولنیئس ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے چند کلومیٹر پہلے گر گیا۔ طیارہ زمین پر سیکڑوں میٹر تک گھسٹتا ہوا ایک گھر سے ٹکرا گیا۔ خوش قسمتی سے، گھر میں موجود 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔طیارے میں موجود عملے کے چار افراد میں سے ایک موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ لیتھوانیا کے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے سربراہ ولمانتاس وٹکاؤسکاس نے اس ہلاکت کی تصدیق کی۔ دیگر تین زخمی افراد جن میں ایک لیتھوانین، ایک جرمن، اور ایک ہسپانوی شہری شامل ہیں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دہشت گردی کے امکان کو مسترد نہیں کیا گیا
لیتھوانیا کے انسدادِ جاسوسی کے سربراہ داریوس جانیسکیس نے کہا کہ دہشت گردی کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، لیکن فی الحال کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ پولیس اور پراسیکیوشن نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
قریبی نگرانی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ نیچے آتے ہوئے زمین کی طرف جھکتا ہے اور پھر عمارت کے پیچھے غائب ہوجاتا ہے۔ چند لمحوں بعد آگ کا شعلہ اور دھویں کے بادل آسمان کی طرف بلند ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 5:30 بجے زرنیو اسٹریٹ کے قریب پیش آیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے 7:33 بجے تک آگ پر قابو پالیا۔ حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی، لیکن ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ "تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی” کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سوئفٹ ایئر کا تھا، جو ڈی ایچ ایل کے لیے کام کر رہا تھا۔ ڈی ایچ ایل نے اپنے بیان میں کہا کہ طیارے نے "ولنیئس ایئرپورٹ سے ایک کلومیٹر دور ہنگامی لینڈنگ کی۔”ولنیئس کے میئر، والڈاس بینکونسکاس، نے کہا کہ طیارہ گھر سے بالکل قریب گرنے سے بچا اور قریبی صحن میں جا گرا۔
لیتھوانین پولیس کے سربراہ ارونس پاؤلاوسکاس نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی تفتیش کی جا رہی ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق دہشت گردی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شواہد جمع کرنے اور نتائج پر پہنچنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔