حافظ آباد (باغی ٹی وی ،خبرنگار شمائلہ) حافظ آباد سے گجرات (ہیڈ خانکی) تک 8 ارب روپے کی لاگت سے بننے والی 45 کلومیٹر طویل بین الاضلاعی سڑک پر کارپٹنگ کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف حافظ آباد اور گجرات کے درمیان فاصلہ کم کرنا ہے بلکہ علی پور چٹھہ، وزیرآباد اور دیگر ملحقہ علاقوں کے ہزاروں شہریوں کو آرام دہ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو عثمان خالد، اور ایکسئین ہائی ویز اسجد علی نے سڑک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری کارپٹنگ و دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف علاقائی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ گجرات اور ملحقہ اضلاع کے عوام کو موٹر وے ایم-2 اور ایم-4 تک آسان رسائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ناقص میٹریل کے استعمال کو ہر صورت روکا جائے۔ سپیشل سیکرٹری عثمان خالد نے بھی معیار کو یقینی بنانے اور کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ہیڈ ساگر حافظ آباد سے شروع ہو کر یہ سڑک ہیڈ خانکی گجرات تک مکمل کی جائے گی، جسے علاقائی ترقی کا ایک اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق منصوبہ بروقت مکمل ہونے کی صورت میں علاقے کی معیشت اور آمدورفت دونوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Shares: