وزیراعظم ہاؤس میں 10 سال سے چوہوں کے شکار پر مامور بلاّ

0
39

لندن:وزیراعظم ہاؤس میں 10 سال سے چوہوں کے شکار پر مامور بلاّ،اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ پر چوہوں کا شکار کرنے پر تعینات بلّے کی مدتِ ملازمت 10 سال ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں وزیراعظم ہاؤس میں ایک ایسا بلاّ موجود ہے جسے باقاعدہ طور پر چوہے مارنے کے لیے دس سال قبل تعینات کیا گیا تھا۔ یہ بلاّ وزیراعظم ہاؤس میں ’’ چیف ماؤسر‘‘ کے نام سے مشہور ہے تاہم اس کا اصل نام لیری ہے۔

لیری کی بطور ’’ چیف ماؤسر‘‘ تعیناتی نہایت دلچسپ ہے، دس سال قبل ایک براہ راست نشریات کے دوران سیاہ رنگ کا ایک بڑا چوہا دیکھا گیا جس سے کافی جگ ہنسائی ہوئی تھی۔ اس واقعے کے بعد ہی لیری کو لاوارث پالتو جانوروں کے سینٹر سے حاصل کیا گیا تھا۔

لیری کی ذمہ داریوں میں وزیراعظم ہاؤس میں موجود چوہوں کو اپنی خوراک بنانا ہے اور لیری کو یہ ذمہ داری نبھاتے دس سال مکمل ہوگئے ہیں جب کہ اس دوران تین وزرائے اعظم ڈیوڈ کیمرون، تھریسا مے اور بورس جانسن وزیراعظم ہاؤس کے مکین بنے۔

یوں تو برطانوی وزیراعظم ہاؤس میں اس قبل ہمفری نامی ایک بلّے نے بھی چوہوں کا شکار کیا اور 1997 میں ریٹائرڈ ہوگیا لیکن عالمی شہرت 14 سالہ لیری کو ہی حاصل ہوئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ موصوف ’’چیف ماؤسر‘‘ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہے جسے 45 ہزار لوگ فالو کرتے ہیں اور اس بلّے کو الیکٹرانکس اور ڈیجیٹل میڈیا میں ایک سلیبیرٹی کا درجہ حاصل ہوگیا ہے۔

چیف ماؤسر کو میڈیا میں بھی کافی کوریج ملتی ہے اور عالمی نشریاتی اداورں میں خصوصی رپورٹس بھی نشر ہوئی ہیں۔بلّے کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی اہلکار بھی مامور ہیں۔

Leave a reply