لاہور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے انسپکٹر جاوید اقبال کی مجرمانہ سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے، جو اپنے ہی محکمے کے اہلکار کے ساتھ مل کر ایک تاجر کے اغوا میں ملوث پایا گیا۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر جاوید اقبال نے اہلکار توصیف کے ساتھ مل کر کاہنہ کے علاقے سے مقامی تاجر کو اغوا کیا۔ ملزمان نے مغوی کے اہل خانہ سے 40 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور رقم ایل او ایس کے قریب وصول کی۔لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی تاجر کو رہا ہوتے ہی کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا۔دورانِ تفتیش انسپکٹر جاوید اقبال اور اہلکار توصیف کی حقیقت سامنے آگئی، جس پر دونوں کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق محکمے کے اندر کسی بھی اہلکار کی مجرمانہ سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ سی سی ڈی کے اعلیٰ افسران نے واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاوید اقبال اور توصیف سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ اس نوعیت کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔











