ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مقدس تقریبات کو ننکانہ صاحب کے صحافیوں اور ضلعی انتظامیہ نے اپنی محنت، خلوص اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پاکستان کی پہچان بنا دیا۔

ان تقریبات کے دوران ننکانہ صاحب کے محبِ وطن صحافیوں نے جس عزم اور دیانتداری کے ساتھ سچائی، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مبنی رپورٹنگ کی، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جانے کے قابل ہے۔

آپریشن بیان المرصوص کے بعد پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کے باوجود، ننکانہ صاحب کے با صلاحیت میڈیا نمائندوں نے اپنی مثبت رپورٹنگ اور مؤثر نشریات کے ذریعے پاکستان کا پرامن، روادار اور مہمان نواز چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔

دنیا بھر سے آئے، خصوصاً بھارت سے تشریف لانے والے سکھ یاتریوں کے تاثرات اور ان کے چہروں پر جھلکتی خوشی کو جس خوبصورتی سے میڈیا نے اُجاگر کیا، وہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ کوریج نہ صرف ایک میڈیا کامیابی ثابت ہوئی بلکہ پاکستان کے عزت و وقار میں بھی اضافہ کا باعث بنی۔

ان تقریبات کی کامیابی میں ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کا کردار بھی قابلِ فخر رہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے اپنی انتھک محنت، بہترین حکمتِ عملی اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں سے یہ تقریبات محفوظ، منظم اور یادگار بنائیں۔ ان کی قیادت اور ٹیم ورک نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

اسی طرح پسِ پردہ رہ کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے والے افسران، عملہ اور پی آر او ضلعی پولیس وقاص خالد چوہدری اور پی آر او ضلعی انتظامیہ چوہدری تصور احمد کی خدمات بھی لائقِ تحسین ہیں، جنہوں نے میڈیا کو درست، فوری اور مؤثر معلومات فراہم کر کے مثبت صحافت کو فروغ دیا۔

جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان / یو کے کے صدر سمیع اللہ عثمانی نے کہا کہ”ننکانہ صاحب کے صحافیوں نے فرنٹ لائن کے سپاہیوں کی طرح پاکستان کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے دشمنوں کے پراپیگنڈے کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا اور پوری دنیا کو بتایا کہ پاکستان امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کی سرزمین ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ننکانہ صاحب کی صحافتی برادری، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور معاون افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مل کر پاکستان کا اصل اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ“یہ روشنی جو ننکانہ صاحب کی مقدس مٹی سے اُٹھی ہے، ہمیشہ پاکستان کے وقار کو بلند رکھے گی۔”

Shares: