مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان کا سنٹرل کمانڈ ضروری اور قوم کی امنگوں کے عین مطابق ہے،ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹر میں بنیادی تبدیلی خوش آئند ہے،
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم کے اتحاد سے مسلح افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جس کے چرچے ابھی تک عالمی دنیا میں گونج رہے ہیں،دشمن مشرق سے سازش کرے یا مغرب سے،مسلح افواج عوام کے اتحاد کے ساتھ جواب دینے کے لئے تیار ہیں، مرکزی مسلم لیگ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. خیبر پختونخوا وبلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو سراہتے ہیں،27ویں آئینی ترمیم کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب کا قیام اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تقرری ایک تاریخی اور دور رس فیصلہ ہے، جو قومی سلامتی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا،ان کی دوراندیش قیادت سے قوم کو بجا طور پر امید ہے کہ پاکستان کا دفاع پہلے سے زیادہ مربوط، موثر اور جدید خطوط پر استوار ہوگا. 27 ویں ترمیم کے حوالے سے مرکزی مسلم لیگ کا موقف واضح ہے کہ ملک کو جدید طرز پر دفاع کو بہتر کرنا ہے اور اسی طرح مزید آئینی عدالتوں سے بھی انصاف کا عمل بہتر ہوگا. مرکزی مسلم لیگ تعمیری سیاست پر یقین رکھتی ہے. بعض عناصر مرکزی مسلم لیگ کے بیانیہ اور ریاست کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں








