سرگودھا : تحصیل ساہیوال کی بااثر لیڈی ڈاکٹر کے سامنے سی ای او ہیلتھ بھیگی بلی بن گئے،علاقہ مکین سراپا احتجاج

سرگودھا ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹ ادریس نواز چدھڑ سے ) تحصیل ساہیوال کی بااثر لیڈی ڈاکٹر کے سامنے سی ای او ہیلتھ سرگودھا بے بسی کی تصویر بن گئے ۔ لیڈی ڈاکٹر کم و بیش 3 سال سے اصغر آباد کے ہیلتھ سینٹر پر تعینات ہے ۔ مگر چند ماہ ہی ڈیوٹی پر حاضر ہوئی ۔ علاقہ مکین سراپا احتجاج

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے سی ای او ہیلتھ سرگودھا کو ہدایت کی تھی کہ وہ جنرل ڈیوٹیوں پر مامور ملازمین کو اپنے متعلقہ سینٹرز پر واپس بلائیں ۔

جس پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ لیٹر کے مطابق لیڈی ڈاکٹر گل شاہ اعوان کی جنرل ڈیوٹی کینسل کر دی گئی ۔ مگر بااثر لیڈی ڈاکٹر نے اعلیٰ حکام کے احکامات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے ڈیوٹی پر آنے سے انکار کر دیا ۔ جس کی وجہ سے مجبوراً سی ای او ہیلتھ سرگودھا نے لیڈی ڈاکٹر کو دوبارہ جنرل ڈیوٹی پر ہی مامور کر دیا ۔

اصغر آباد کے ہیلتھ سینٹر پر لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کے احتجاج پر ایک بار پھر سی ای او ہیلتھ سرگودھا نے لیڈی ڈاکٹر کی جنرل ڈیوٹی کینسل کر کے اسے اصغر آباد کے ہیلتھ سینٹر پر حاضری دینے کا حکم دیا ہے ۔ مگر حسب معمول لیڈی ڈاکٹر لیٹر جاری ہونے کے کئی دن بعد بھی اصغر آباد ہیلتھ سینٹر پر ڈیوٹی کے لیئے حاضر نہیں ہوئی ۔ اور سی ای او ہیلتھ سرگودھا بااثر لیڈی ڈاکٹر کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق لیڈی ڈاکٹر اتنی بااثر ہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار اپنی جنرل ڈیوٹی دوبارہ لگوانے میں کامیاب ہوئی ہے اور سی ای او ہیلتھ سرگودھا ہر بار ہی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کروانے سے قاصر دکھائی دیتے ہیں ۔

لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث اہلیان علاقہ سراپا ء احتجاج ہیں اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں

Leave a reply