سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)قائداعظم کے یوم ولادت پر گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں تقریب
گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں محکمہ تعلیم سیالکوٹ کے زیر اہتمام قائداعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم ولادت کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، محکمہ تعلیم کے مقامی حکام، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی انتھک محنت اور پختہ عزم کے باعث مسلمانانِ ہند کو آزادی نصیب ہوئی اور دنیا کے نقشے پر ایک نظریاتی ریاست "پاکستان” کا قیام ممکن ہوا، جہاں آج 23 کروڑ مسلمان آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم قائداعظم کے فرامین ایمان، اتحاد، یقینِ محکم اور تنظیم کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔ قائداعظم ایک ایسی ریاست کے حامی تھے جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کی بنیاد پر ہر شہری کو مساوات، انصاف اور ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ قائداعظم امن، محبت اور ترقی کا استعارہ ہیں اور ان کے افکار کو اپنانا ہی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے۔
تقریب کے دوران طلباء نے قائداعظم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملی نغمے اور تقاریر بھی پیش کیں۔