ڈیرہ غازیخان( باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازی خان میں رحم کے کینسر سے بچاؤ کی 12 روزہ مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران 9 سے 14 سال کی تقریباً 13 ہزار بچیوں کو ایچ پی وی سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق مارکیٹ میں اس ویکسین کی قیمت آٹھ ہزار روپے تک ہے، مگر حکومت اسے بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری کی زیر صدارت اجلاس میں مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں سی ای او ہیلتھ، عالمی ادارہ صحت اور دیگر محکموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن کی جائے گی، جبکہ غیر حاضر بچیوں کے لیے عارضی ویکسی نیشن سنٹرز بھی قائم ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ سرویکل کینسر ایک خاموش مگر جان لیوا مرض ہے، اس کا واحد حل بروقت ویکسی نیشن ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اس مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔