گوجرہ (سٹی رپورٹر،محمد اجمل) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے پھیلائی جانے والی منفی ویڈیوز اور افواہیں بے بنیاد ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں بلکہ صرف مستند طبی ماہرین کی رہنمائی پر اعتماد کریں۔
انہوں نے بتایا کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم 15 سے 27 ستمبر تک ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ہے، جس کے دوران 9 سے 14 سال کی بچیوں کو عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسیف سے منظور شدہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور مستقبل میں بچیوں کو مہلک بیماری سے تحفظ دے گی۔
ڈاکٹر فیضان ارشد نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو بروقت ویکسین لگوائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور وہ منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔