لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کی ممتاز اور قابلِ احترام شخصیت، نامور فلم پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر چوہدری کامران اعجاز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی خبر نے فلمی دنیا کے تمام حلقوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری کامران اعجاز کو کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج کا سامنا ہوا تھا، جس کے بعد وہ زیرِ علاج تھے۔ ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ صحت یاب نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔چوہدری کامران اعجاز نے اپنی زندگی فلمی دنیا کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ کئی دہائیوں تک پاکستان فلم انڈسٹری کے ساتھ منسلک رہے اور متعدد کامیاب فلمیں پروڈیوس کیں جن میں مشہور فلمیں "سلطنت”, "بھائی لوگ” اور دیگر شامل ہیں۔ ان کے کام کو نہ صرف ناظرین بلکہ فلمی ماہرین نے بھی بے حد سراہا۔

چوہدری کامران اعجاز نہ صرف ایک پروڈیوسر بلکہ ایک متحرک منتظم بھی تھے۔ وہ فلم انڈسٹری کی مختلف تنظیموں کے صدر رہ چکے تھے اور فلمی صنعت کی ترقی و بحالی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے رائل پارک، لاہور کو فلم انڈسٹری کے لیے ایک سرگرم مرکز کی حیثیت دی، جہاں فلم ساز، ہدایت کار، اداکار اور تکنیکی ماہرین ہمیشہ ان کے تعاون اور رہنمائی سے مستفید ہوتے رہے۔ ان کی کاوشوں سے یہ علاقہ فلمی سرگرمیوں کا دل بن گیا۔چوہدری کامران اعجاز کی وفات سے پاکستان فلم انڈسٹری ایک بڑی اور تجربہ کار شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کے چاہنے والوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی برادری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔

چوہدری کامران اعجاز کی نماز جنازہ آج بروز منگل بعد از نماز ظہر ان کی رہائش گاہ نت ٹاؤن ،سٹریٹ نمبر 2، ہاؤس نمبر 2 نزد نیب آفس، 1122 آفس ، ٹھوکر نیاز بیگ لاہورادا کی جائے گی.

Shares: