لندن: سوشل میڈیا پر مزاحیہ انداز میں گلوکاری کے باعث شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد گلوکار چاہت فتح علی خان ایک ناخوشگوار واقعے کا شکار ہوگئے، جب دو نامعلوم افراد نے ان کے سر پر انڈے دے مارے۔ یہ واقعہ لندن میں پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، چاہت فتح علی خان ایک دکان کے باہر اپنے مداحوں سے ملاقات میں مصروف تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے مخصوص انداز میں لوگوں کو سلام کررہے تھے کہ اچانک کالے کپڑوں میں ملبوس دو افراد وہاں پہنچے اور ان کے سر پر انڈے مار کر فرار ہوگئے۔گلوکار انڈوں کے حملے کے بعد حیران و پریشان نظر آئے تاہم انہوں نے موقع پر موجود مداحوں کے ساتھ اپنا رویہ برقرار رکھا۔ اس دوران کچھ افراد نے انڈے مارنے والے افراد کا تعاقب کرنے کی کوشش بھی کی مگر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد ان نامعلوم افراد کے اس رویے کی شدید مذمت کر رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کسی بھی فنکار سے اختلاف یا مذاق اس طرح کے نامناسب رویے کا جواز فراہم نہیں کرتا۔

Shares: