چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات اور اہم سیاسی و پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور اہم سیاسی و پارلیمانی امور کے ساتھ ساتھ دونوں ایوانوں کے مابین بہتر رابطہ کاری اور تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔ملاقات کے دوران قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز بھی موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ایوانوں کے مابین باہمی تعاون کے ذریعے قانون سازی اور پارلیمانی امور کو موثر انداز میں چلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس شراکت داری کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قومی اسمبلی کی جانب سے آئینی امور کے حوالے سے ہمیشہ بھر پور تعاون حاصل رہا ہے اور ایوان بالاء نے بھی معاملات کی بہتری کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی دونوں ایوانوں کے مابین تعاون کومزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایوان بالاء کی عزت و احترام کا خیال رکھنا چاہیے اور عدم اعتماد والی چیزوں سے گریز کرنا چاہیے تھا کیونکہ ایوان بالاء وفاق کی علامت ہے جس میں چاروں صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے نہ صرف اقدام لینے چاہیں بلکہ افہام وتہفیم سے ملک کے مسائل کے حل کیلئے موثر منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل سے ہی ملک ترقی کرتے ہیں اور جمہوری عمل کے فروغ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔
محمد اویس








