چیئرمین مسلم میڈیکل مشن پاکستان ڈاکٹر ناصر ہمدانی نے دوحہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں غزہ میں صحت عامہ کی موجودہ صورتحال اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر اشرف القدرہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی جنگی تاریخ میں پہلی بار اسرائیل نے منظم انداز میں اسپتالوں، طبی مراکز، صحت کے عملے، مریضوں اور ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث غزہ کے اسپتال شدید بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری مداخلت اور طبی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
مسلم میڈیکل مشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر ناصر ہمدانی نے اس موقع پر فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کو یقین دلایا کہ مسلم میڈیکل مشن ہر ممکن طبی امداد فراہم کرے گا۔ اس ضمن میں میڈیکل کیمپس کے قیام، اسپتالوں کی بحالی، ادویات کی فراہمی، مریضوں کی دیکھ بھال اور فوری طبی امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسلم میڈیکل مشن غزہ میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ضروریات کو پورا کرنے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے پرعزم ہے تاکہ جنگ زدہ علاقے میں صحت کی خدمات کی بحالی میں مدد مل سکے۔مسلم میڈیکل مشن نے غزہ میں تباہ شدہ طبی مراکز کی بحالی کے لیے بھی عملی اقدامات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔